Urdu love poetry - Urdu poetry

Urdu love poetry    اردو عشىقہ شاعرى
No.1
اب قہقہوں میں اور ہی جلوے سمائے ہیں
اشکوں کی شب گزار کے ہم مسکرائے ہیں

غم اس کو کوئی اور، مرا حادثہ کچھ اور
شبنم نے میرے ساتھ ہی آنسو بہائے ہیں

جب آنسوؤں میں پھول کھلے تب پتہ چلا
ہم نے خوشی کے نام پہ کانٹے اُگائے ہیں

وہ ایک شہر چھوڑ کے اوجھل ہوا تو کیا؟
سو شہر اپنی ذات میں ہم نے بسائے ہیں

یوں تیری رہ گزر ہمیں آسان کب نہ تھی
ہم نے ہی کچھ، اصول کے، پتھر لگائے ہیں
شاہد جمیل

N0.2

پھر جگاتی ہے وہی ٹیس پُرانی بارش
اِس برس بھی ہے اُسی طرح سہانی بارش

سسکیاں بھرتی رہی رات ہوا آنگن میں
رات بھر کہتی رہی کوئی کہانی بارش

آگ بن کر کبھی شریانوں میں بہتا ہوا خون
کبھی آنکھوں سے برستا ہوا پانی بارش

اَب تو یہ پیڑ ٹپکتا ہے مری چھت کی طرح
دو گھڑی روک ذرا اپنی روانی بارش

سبز پانی نے بدل ڈالا ہے منظر کا طلسم
رنگ کوئی ہو، کیے دیتی ہے دَھانی، بارش

چاہنے والی، مرے درد جگانے والی
میری محبوب، مری دشمنِ جانی، بارش
عرفان صدیقی

No.3

میں بھی کتنا سادہ مزاج تھا کہ یقیں گمان پہ کر گیا
کسی آس پر، کسی یاس میں کبھی جی اُٹھا کبھی مر گیا

چلو یارِ وعدہ نواز سے کسی روز جا کے پتہ کریں
وہ جو اُس کے در کا اسیر تھا، اُسے کیا ہوا، وہ کدھر گیا

وہ شبِ عجیب گزر گئی، سو گزر گئی مگر اِس طرح
کہ سحر کا آئینہ دیکھ کر میں تو اپنے آپ سے ڈر گیا

تری آس کیا، کہ ہے ابر کا تو ہوا کے رُخ سے معاملہ
جو سنور گیا تو سنور گیا، جو بکھر گیا تو بکھر گیا

میری رہگزار میں رہ گئی یہی باز گشت صداؤں کی
کوئی بے نمود سا شخص تھا وُہ گزر گیا، وُہ گزر گیا

ہوئے منکشف مری آنکھ پر کئی اور زاویے دید کے
کوئی اشکِ ضبط اگر کبھی پسِ چشم آ کے ٹھہر گیا
افتاب اقبال شمیم

Post a Comment

0 Comments